چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان میں نہیں ہوگا، بھارت نے فائنل میں جگہ بنالی
چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان میں نہیں ہوگا، بھارت نے فائنل میں جگہ بنالی
ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
ویب ڈیسک | 4 مارچ 2025
بھارت نے منگل کے روز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس نتیجے کے بعد پاکستان اب ٹورنامنٹ کے فائنل کی میزبانی نہیں کرے گا، کیونکہ بھارت کی کوالیفیکیشن کے باعث فائنل اب غیر جانبدار مقام پر ہوگا، جو کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
یہ لمحہ پاکستان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ تقریباً تین دہائیوں بعد پاکستان میں کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا موقع تھا۔
2013 کے چیمپئن بھارت نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے چند ماہ قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شدید ردعمل دیا اور دونوں بورڈز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔
بالآخر، پی سی بی نے "فیوزن فارمولا" پیش کیا، جس کے مطابق آئندہ تین سالوں تک جب بھی بھارت یا پاکستان کسی ایونٹ کی میزبانی کریں گے تو دونوں ٹیمیں اپنی میزبانی کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلیں گی۔
سیمی فائنل کا خلاصہ
سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 260 رنز بنائے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ اور وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اسٹیو اسمتھ 96 گیندوں پر 73 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ کیری نے 57 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نمایاں بولر رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ورون چکرورتی اور رویندرا جڈیجا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بھارت نے 261 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
اس کامیابی میں ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کی تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت داری نے اہم کردار ادا کیا۔ کوہلی نے 98 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے شامل تھے، جبکہ آئیر نے 45 رنز بنائے۔
Comments
Post a Comment