یومِ تشکر آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا
اسلام آباد: آج (جمعہ) کے دن ملک بھر میں یومِ تشکر عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے تاکہ آپریشن بنیان المرصوص اور معرکۂ حق میں بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی پر مسلح افواج اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔
دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں اور تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔
اسلام آباد میں نمازِ فجر کے بعد اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی کے ذریعے اس دن کی مناسبت سے فضاء گونج اُٹھی۔
اس کے علاوہ، مزارِ قائد کراچی اور مزارِ اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں جن میں افواجِ پاکستان نے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آج دن بھر میں آپریشن بنیان المرصوص کے شہداء کے خاندانوں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی تاکہ ان کی قربانیوں کو سراہا جا سکے اور قوم کی جانب سے شکریہ ادا کیا جا سکے۔
یومِ تشکر کی مرکزی تقریب آج شام پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہو گی، جس کے مہمانِ خصوصی وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہوں گے۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔
جنگ بندی میں توسیع کا اعلان
ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں 18 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کے دوران ہوا۔
انہوں نے سینٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ 10 مئی کو آپریشن بنیان المرصوص کے بعد دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے پہلے رابطے میں جنگ بندی پر 12 مئی تک اتفاق ہوا تھا۔
بعد ازاں، پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارتی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی کے درمیان دوسرے دور میں یہ مدت 14 مئی تک بڑھا دی گئی، اور اب تازہ رابطے میں 18 مئی تک جنگ بندی میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔
Comments
Post a Comment