کراچی میں روڈ ریج کا واقعہ: طاقت کے نشے میں انصاف کا امتحان.
ڈیفنس فیز 6، کراچی میں پیش آنے والے حالیہ روڈ ریج واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال اُٹھا دیا ہے کہ کیا ہمارا قانون ہر فرد کے لیے یکساں ہے؟ کاروباری شخصیت سلمان فاروقی کی طرف سے ایک بائیک سوار نوجوان پر تشدد، وہ بھی اُس وقت جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ تھا، محض ایک ٹریفک حادثے کے بعد کی زیادتی نہیں بلکہ ایک سوچ کی عکاسی ہے جو طاقت کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے۔
وائرل ویڈیوز میں جس طرح سے سلمان فاروقی اور اُس کے گارڈز نے بائیکر کو زبردستی گاڑی میں بند کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور اُس کی ساتھی خاتون کو دھکے دیے، وہ کسی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ پولیس کی ابتدائی کارروائی سست تھی، لیکن سوشل میڈیا پر عوامی غصے کے بعد گرفتاری عمل میں آئی، جو اس بات کی دلیل ہے کہ عوامی دباؤ کے بغیر انصاف کا پہیہ شاید رُک جائے۔
یہ واقعہ ایک موقع ہے جہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے خود کو ثابت کر سکتے ہیں کہ بااثر افراد بھی قانون کے دائرے میں آتے ہیں۔ اگر یہ کیس بھی دیگر طاقتوروں کی طرح دبا دیا گیا تو عوام کا عدالتی نظام سے اعتماد مزید متزلزل ہوگا۔ وقت آ گیا ہے کہ ایسے واقعات کو نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص طاقت کے نشے میں کمزور پر ہاتھ اُٹھانے سے پہلے سو بار سوچے۔
Comments
Post a Comment